5 جی ٹیکنالوجی کیس، جوہی چاؤلہ کے ہرجانے میں سماجی خدمت کی شرط پر کمی

January 28, 2022

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)دہلی ہائی کورٹ نے گزشتہ روز اداکارہ جوہی چاولہ کو ریلیف دیتے ہوئے سماجی خدمت کرنے کی شرط پر 20لاکھ روپے کے ہرجانے کو کم کرکے 2 لاکھ روپے کر دیا۔ جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس جسمیت سنگھ کی بنچ نے اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر شادی شدہ خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی پیشکش قبول کرنے کے بعد ہرجانے کی رقم کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔بنچ نے درخواست گزار کی جانب سے سماجی خدمات سے متعلق دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایس ایل ایس اے) کے ساتھ کام کرنے کی رضامندی کا نوٹس لیتے ہوئے، ہرجانے کی رقم میں کمی کی درخواست منظور کی۔ اداکارہ نے درخواست میں کہا کہ ’’دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے پروگراموں میں حصہ لے کر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے سماجی خدمت کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہوگی‘‘۔دہلی ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے سنگل بنچ کی جانب سے اداکارہ جوہی چولہ پر عائد 20 لاکھ روپے کے جرمانے کو کم کر کے 2 لاکھ روپے کر دیا ہے، لیکن سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ جوہی چاؤلہ نے 5 جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی کے معاملے کو سرسری طور پر لیا اور اس سلسلے میں پٹیشن دائر کر کے ہائی کورٹ کا قیمتی وقت ضائع کیا۔واضح رہے کہ اداکارہ نے دہلی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 5 جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے درخواست کو ’’عدالت کا وقت ضائع کرنے والا‘‘ قرار دیا تھا اور اس کے لئے اداکارہ چاولہ کو 20 لاکھ روپے ہرجانے کے طور پر جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔