HBL پی ایس ایل شروع، کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا

January 28, 2022

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کے آغاز کے ساتھ ہی ملک میں کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، جمعرات کو میچ کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک چلتی رہی صرف ٹیموں کی اسٹیڈیم آنے کے موقع پر تھوڑی دیر کے لئے سڑک کو بند کیا گیا۔میچ کے دوران حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم آنے والی سڑک کو بند رکھا گیا، تماشائیوں کو بھی اسٹیڈیم آنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پرا، تاہم اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے قبل سخت تلاشی کے مراحل سےگذرنا پڑا، اسٹیڈیم کے باہر مختلف نوجوان پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کی ٹی شرٹ اور قومی پرچم فروخت کررہے تھے۔ پی ایس ایل سیون کی پہلی گیند ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلی نے کرائی، شر جیل خان نے سامنا کیا۔ دونوں پریس باکس کے درمیان کمنٹریباکس کے درمیان پردے لگاکر ببل ایریا بنایا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے مین گیٹ کے ساتھ گراسی ایریا میں ہیلی کاپٹر موجود تھا۔ تماشائیوں کی تعداد پانچ سے چھ ہزار رہی، اکثر تماشائی اپنے ساتھ قومی پرچم لائے تھے۔کئی مرد اور خواتین نے ملتان اور کراچی کی شرٹس زیب تن کی ہوئی تھی۔