نواز الدین صدیقی کے خوابوں کا محل ’نواب‘ تیار ہوگیا

January 29, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی کے خوابوں کا محل تیار ہوگیا ہے جس کا نام ’نواب‘ رکھا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اداکار نوازالدین صدیقی کئی برس سے اپنے خوابوں کے گھر کو حقیقت کا رنگ دینا چاہتے تھے اور اب ان کا یہ خواب حقیقت بن چکا ہے۔ اس گھر کی تعمیر میں 3 سال کا عرصہ لگا ہے جبکہ اس کی تزئین و آرائش اداکار نوازالدین صدیقی نے خود اپنی پسند سے کروائی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’نواب‘ کو انہوں نے اپنے پرانے گھر کے خدوخال کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیر کروایا ہے۔رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے گھر کا نام نواب اپنے والد صاحب کی یاد میں رکھا ہے کیونکہ اس نام سے ان کی جذباتی وابستگی ہے۔خیال رہے کہ بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنے کیریئر میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں اور اس کے بعد انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کے وہ حقدار ہیں۔ انہوں نے انڈسٹری کے بڑے ناموں کے ساتھ بھی کام کیا ہے اور کچھ فلموں میں سائڈ رول کے طور پر بھی چھوٹے کردار ادا کیے ہیں اور اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے کام کو ایک نئی پہچان بھی دی ہے۔