بلوچستان میں مکتی باہنی طرز کی سازش کی جارہی ہے، حامد موسوی

January 29, 2022

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ کیچ بلوچستان میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر ہر محب وطن سوگوار ہے ،حکومت کلبھوشن کی باقیات کا صفایا کرے ، بلوچستان میں مکتی باہنی طرز کی سازش جاری ہے۔پاکستان کے خلاف سازشوں کے سوالات کا جواب دینے کو کوئی تیار نہیں۔سی پیک نے بھارت کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں، عالمی برادری بلوچستان میں بھارتی حملوں کو رکوائے۔ اتوار 30جنوری کو شہدائے کیچ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم شہداء منایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےمجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پوری قوت سے پاکستان کی سلامتی پر حملہ آور ہے جس میں اسے شیطانی سرغنہ امریکہ و اسرائیل کی مکمل تائید حاصل ہے اسی لئے آج تک امریکہ بہادر کو بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا کوئی ثبوت اسی لئے نہیں ملتاکہ بھارتی مداخلت میں خود امریکہ شریک ہے ۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ یوم شہداء کے موقع پر دین و وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعائیں کی جائیں۔