راولپنڈی (ساجد چوہدری )راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے مختلف ڈائریکٹوریٹس میں اچانک چیکنگ کے دوران ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے جانے پر 15افسران و اہلکاروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی گئی ، ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن) آر ڈی اے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس کے مطابق متعلقہ افسران و اہلکار صبح ساڑھے دس بجے بغیر پیشگی اجازت ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے گئے، یہ عمل مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے اور ان کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاونٹیبلٹی ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، متعلقہ افسران و اہلکاروں سے تین روز کے اندر اپنی غیرحاضری کے حوالے سے وضاحت طلب کر لی گئی ، غیرحاضر افسران و اہلکاروں میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سمیع اللہ خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول حمزہ سلیم ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹی ای پی )محمد دائود ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس راجہ وقار ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ اسلم شاہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد شعیب ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شزا تنویر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مریم فاروق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ روبی زہرا جبکہ دیگر ملازمین میں قسیم انور ، عظیم احمد ، شبانہ ناز، جمشید اختر اور نثار احمد شامل ہیں ،نوٹس میں ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر ڈیوٹی سے غیرحاضری کو سنجیدگی سے لیا جائے گا ۔