مراکش کے ساحل پر کشتی الٹنے سے 44 تارکین وطن ڈوب گئے، کئی افراد لاپتہ

March 15, 2022

خرطوم ( نیوزڈیسک)مراکش کے ساحل پرخواتین اور نوزائیدہ بچوں سمیت 44تارکین وطن سپین پہنچنے کی کوشش میں کشتی الٹنے سے ڈوب گئے ۔تارکینِ وطن کی امدادی ایجنسی کامینانڈو فرنٹراس نے متاثرین کے لواحقین کے حوالے سے بتایا ہے کہ پانچ خواتین اور دوبچوں کی لاشیں ساحل پر لائی گئی ہیں لیکن باقی افراد ابھی تک لاپتاہیں۔ امدادی ایجنسی کی کارکن ہیلینا مالینو نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ کم از کم 44افراد مراکش کے جنوبی ساحل طرفایہ کی حدود میں ڈوب گئے ،وہ ان 61 تارکین وطن میں شامل تھے جو طرفایہ سے قریباً 100کلومیٹر (62 میل) دور سپین کے جزائر کناری کی طرف جانے والی کشتی میں سوار ہوئے تھے۔ان افراد میں کل 16خواتین اور چھے شیر خوار بچّے شامل تھے۔متنازع مغربی صحارا کے علاقے کے مرکزی شہرالعیون کے مردہ خانے میں پانچ خواتین اور دو بچّوں کی لاشیں لائی گئی ہیں۔