ترین ڈار رابطہ، پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک پر بات چیت

April 01, 2022

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور اطلاعات کے مطابق دونوں نے پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جانب کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دونوں نے فون پر تقریباً نصف گھنٹے تک بات چیت کی اور پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے پنجاب اسمبلی اور مرکز کی سطح پر باہمی تعاون کے ممکنہ طریقہ کار پربھی بات چیت کی۔ ترین اور ڈار دونوں میں سے کوئی بھی اس حوالے سے کچھ بتانے کیلئے دستیاب نہیں ہوسکا لیکن دونوں جانب کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دونوں نے پنجاب اسمبلی میں اگلے قدم کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔ انھوں نے رابطے کھلے رکھنے اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیلئے مشترکہ امیدوار لانے کیلئے بات چیت کرتے رہنے پر اتفاق کیا۔ جہانگیر ترین نے حالیہ مہینوں کے دوران مرکزی اور پنجاب کی سیاست میں اس وقت اہم کردار کیا ہے جب اپوزیشن دب گئی تھی اور اپوزیشن کی جانب سے عوامی سطح پر زیادہ احتجاج نہیں ہو رہا تھا اور وزیراعظم کی ہدایت پر شہزاد اکبر جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرنے اور ان کے خاندان کی خواتین کی نگرانی کیلئے کارروائیاں کر رہے تھے، اس وقت مرکز اور پنجاب میں جہانگیر ترین کے حامیوں نے جہانگیر ترین کے دفاع میں آواز اٹھائی، ترین گروپ اس وقت سے ان کے ساتھ کھڑا ہے اور اب پنجاب او ر مرکز میں اس کا خاصا اثر ہے۔ تین ہفتے قبل سلیمان شہباز نے اپنے والدکی جانب سے نیو بری میں جہانگیر ترین کو گلدستہ بھجوایا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شہباز کے صاحبزادے سلیمان شہباز جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ جہانگیر ترین نے نواز شریف سے ابھی تک ملاقات نہیں کی ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ کوششوں کو نواز شریف کی حمایت حاصل ہے۔ کم وبیش 6 ہفتے قبل جہانگیر ترین کی برطانیہ آمد سے قبل شہباز شریف نے ماڈل ٹائون لاہور میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔