انٹرویو کے بعد کرنے والے اقدامات

April 17, 2022

’’انٹرویو کال‘‘ کسی بھی شخص کے کیریئر میں ایک نئی توانائی اور جذبہ بھردیتی ہے۔ یہ ایک ایسا مرحلہ ہوتا ہے، جس کا سامنا دوران تعلیم، تعلیم سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد یا ملازمت کے دوران ہر ایک شخص کو کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ کو حال ہی میںک سی ادارےکی جانب سے انٹرویو کال موصول ہوئی ہے، تو ہوسکتا ہے اب تک آپ انٹرویو میں پوچھے جانے والے سوالات سے متعلق تیاری بھی کرچکے ہوں۔ لیکن کیا آپ انٹرویو کے بعد انجام دیے جانے والے اہم اقدامات سے متعلق تیار ہیں؟ سوچیے کہ اگر انٹرویو کے دوران ، انٹرویو لینے والا شخص آپ سے پوچھے کہ کوئی سوال جو آپ پوچھنا چاہیں؟ تو انٹرویو اس وقت ختم نہیں ہوجاتا ۔

ہم میں سے زیادہ تر افراد انٹرویو سے قبل کی تیاری اور اس دوران پوچھے جانے والے سوالات پر توجہ دیتے ہیں لیکن درحقیقت انٹرویو کے بعد بھی چند ایسے اقدامات آپ کے منتظر ہوتے ہیں جن کا تعلق آپ کی حالیہ اور مستقبل میں ملنے والی کامیابی سے ہے۔ آج کی تحریر ان اقدامات کے حوالے سے کافی حد تک رہنمائی فراہم کرے گی۔

اگلے اقدام سے متعلق سوالات

جیسا کہ اوپر بیان کیا جاچکا ہے کہ جاب انٹرویو انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے سوالات پر ہی ختم نہیں ہوجاتا بلکہ ایک بار جب انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے سوالات کا سیشن ختم ہوجاتا ہے تو انٹرویو لینے والا شخص آپ کے آنے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آپ سے پوچھتا ہے کہ آپ کا کوئی سوال ہے؟ یہی وقت ہے جب آپ انٹرویو لینے والے شخص سے مندرجہ ذیل چند سوالات کرسکتے ہیں۔

٭ ہائرنگ پروسیس کتنا طویل ہوگا؟

٭ ادارے کی جانب سے کب تک فیڈ بیک مل سکتا ہے ؟ ( مقصد یہ کہ انٹرویو کے بعد آپ کو اگلی کال کے لیےکتنا وقت درکار ہوگا )

٭ انٹرویو لینے والے شخص سے پوچھا جائے کہ کیا آپ کے ساتھ رابطے میں رہا جاسکتا ہے یا نہیں؟ اگر جواب ہا ں میں ہو تووزیٹنگ کارڈ یا نمبر طلب کیا جاسکتا ہے۔

اپنی کارکردگی کا اندازہ خود لگائیں

کمرہ انٹرویو سے باہر آنے کے بعد کسی پرسکون گوشے یا شور سے پاک ماحول میں چند لمحے ٹھہر کراپنی کارکردگی کا اندازہ لگانے کی کوشش کیجیے۔ انٹرویو کے دوران جو سوالات آپ سے پوچھے گئے ان کو ذہن میں ایک بار پھر دہرائیں اور دیے جانے والے جوابات بھی یاد کریں، سوچیں ان سوالات کا مزید بہتر جواب کیا ہوسکتا تھا۔

سب سے پہلے آپ کو خود اپنی کارکردگی کا اندازہ لگانے کی ضرورت ہے۔ چنانچہ پہلے آپ خود اپنے انٹرویو کی اسکورنگ کیجیے کہ آپ کس حد تک پاس یا فیل ہوں گے۔ اپنی کارکردگی کا اندازہ خود لگانے کا عمل مستقبل میں کسی دوسری جگہ انٹرویو کے دوران ایسی ہی غلطی دوبارہ دہرانے سے آپ کو دور رکھے گا۔

آن لائن پورٹ فولیو کا جائزہ

اگلا مرحلہ آن لائن پورٹ فولیو کا جائزہ ہے۔ اگر کمپنی یا ادارہ آپ کو زیر غور عہدے پرملازمت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے تو امید ہے وہ آپ کی سی وی میں موجود لنک کو فالو کرتے ہوئے آپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال بھی کرے۔ اس حوالے سے زیادہ تر کمپنیاں لنکڈاِن پورٹ فولیو کا جائزہ ضروری سمجھتی ہیں۔

لہٰذا ضروری ہے کہ آپ کا لنکڈاِن پیچ یا پروفائل زیادہ سے زیادہ پروفیشنل ہو، ساتھ ہی فیس بک اور ٹوئٹر پروفائل کو بھی پروفیشنل بنیادوں پر استوار کریں۔ انٹرویو کے فوری بعد ، اپنے آن لائن پورٹ فولیو کا جائزہ لیں اور یقینی بنائیں کہ کسی بھی جگہ کوئی ایسا مواد تو موجود نہیں جو آپ کے لیے ملازمت کے حوالے سے پریشانی کا باعث بنے۔

درج کیے گئے ریفرنسز سے رابطہ

انٹرویوکے دوران ادارے کی جانب سے دیے جانے والے فارم میں ریفرنسز فراہم کرنے کا بھی کہا جاتا ہے۔ ریفرنس میں ان افراد یا ادارے کی معلومات درج کریںجو آپ کی خصوصیات سے واقف ہوں۔ آپ اس میں جس بھی شخص یا ادارے کا حوالہ دیں، انٹرویو کے بعد آپ اس شخص سے رابطہ کریں اور انھیں آگاہ کریں کہ متعلقہ ادارہ یا فرد آپ کے متعلق جاننے کے لیے ان سے رابطہ کرسکتا ہے۔ لہٰذا جب بھی انہیں ایسی کوئی کال موصول ہو تو آپ کے حوالے سے پروفیشنل اور مفید معلومات فراہم کی جائیں۔

تھینک یو لیٹر

انٹرویو کے چند گھنٹوں بعد (عام طور پر 48 گھنٹوں کے دوران) آپ کو انٹرویو کرنے والے شخص یا ادارے کو تھینک یو لیٹر بھی بھیجنا چاہیے۔ لیٹر بھیجنے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں مثلاً

٭ اس سے پتہ چلے گا کہ آپ کو جو موقع دیا گیا ہے اس کی اہمیت سے آپ بخوبی واقف ہیں۔

٭ یہ لیٹر آپ کو ملازمت کے خواہشمند دیگر افراد سے ممتاز کرے گا۔

٭ اس لیٹر کے ذریعے آپ کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا (جو آپ دوران انٹرویو واضح نہ کرسکے)۔ آپ بآسانی ادارے پر واضح کرسکیں گے کہ آپ اس عہدے کے لیے کیوں اور کیسے بہترین امیدوار ہیں۔

فالو اَپ کریں

انٹرویو لینے والے شخص یا انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن تک اگر آپ کے پاس ادارے کی جانب سے کسی قسم کا کوئی رد عمل نہ آئے تو آپ کا متعلقہ ادارے سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔ خود رابطہ کرنے کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ آپ مایوس ہوگئے ہیں۔ اس کے برعکس یہ کال ادارے پر ظاہر کرے گی کہ آپ بھی اس جاب میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

تاہم اگر ادارے کی جانب سے یہ کہا جائے کہ اس پوسٹ کے لیے انہوں نے کسی دوسرے امیدوار کو ہائر کرلیا ہے تب بھی آپ کو چاہیے کہ ادارے سے اس کی وجہ جاننے کی کوشش کریں کیوں کہ ادارے کی جانب سے آنے والا رد عمل مستقبل میں کسی اور ملازمت کے لیے دیے جانے والے انٹرویو میں دوبارہ ان غلطیوں کو دہرانے سے محفوظ رکھے گا۔