مطالعہ صرف یہ نہیں کہ سارا دن کتابوں کو گھورتے رہیں۔ طلباء کو یقینی طور پر صحیح ماحول کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ وہ اسباق یا امتحان کی تیاری کرتے ہوئے آرام محسوس کرسکیں یعنی پڑھائی کا مثبت ماحول ہونا چاہئے تاکہ آپ دلجمعی سے اپنی تعلیم کو جاری و ساری رکھ سکیں۔ کچھ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں جن کے بارے میں شاید آپ نے نہ سوچا ہو، وہ آپ کی زندگی میں مثبت تبدیلی لاسکتی ہیں اور مطالعےکے عمل کو بہت آسان بنا سکتی ہیں۔
توجہ بھٹکانے والی اشیا سےدوری
مطالعے کا مثبت ماحول پیدا کرنے کا پہلا قدم ، تمام تر انتشار سے نجات پا نا ہے۔ شاید آپ کے پاس بہت ساری چیزیں اور آئٹمز ہیں جن کی آپ کو ضرورت نہیں ہے۔ سب کو کوڑے دان میں لے کر یا گھر کے کسے کونے میں ڈال دیں کیونکہ آپ کو ایک صاف جگہ اور ایک منظم کمرے کی ضرورت ہوگی۔ اگر چیزوں کا ڈھیر لگاہے ، تو آپ کبھی بھی اس چیز کو تلاش نہیں کرسکیں گے جس کی آپ کو در حقیقت ضرورت ہوتی ہے۔
اس ضمن میں آپ کاوقت بھی ضائع ہوتا ہے اور مطالعہ کے علاوہ آپ جواضافی کام کرتے ہیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی اشیا بھی آپ مطالعہ کی جگہ سے دور رہیں۔
اگر آپ رو م میٹ کے ساتھ رہتے ہیں تو، یہ آپ دونوں کے لئے مشکل ہوجائے گا۔ یا تو آپ کا اضافی سامان آپ کے روم میٹ کے مطالعے میں خلل ڈال رہا ہوگا یا پھر آپ کے دوست کی اشیا آپ کی توجہ بھٹکا رہی ہوں گی۔ ان اشیا میں سب سے اہم موبائل فون اور میوزک سسٹم ہے۔
فائلنگ سسٹم
فائلنگ سسٹم کے ذریعے منظم رہنے کا بہتر طریقہ او رکیا ہو سکتا ہے؟ اس کے بہت سارے فوائد ہیں۔ جب صحیح طرح سے پڑھائی کا مٹیریل جمع ہو جائے تو اس کی فائلنگ کرنے سے چیزیں آسان ہوجاتی ہیں۔ ایسا کرنے کے لئے آپ کو کیبنٹس اور درازوں کی ضرورت ہوگی۔
اضافی مدد کیلئے دفتری باکس وغیرہ بھی آپ کے کام آسکتے ہیں۔ جن پر آپ متعلقہ مضمون اور ان کے نوٹس کی چِٹ لگا کر رکھیں۔ اس عمل سے آپ ہمیشہ جان سکیں گے کہ فلان چیز کہاں ہے۔ فائلنگ سسٹم کا استعمال کرکے ، آپ آخری منٹ میں چیزیں نہ ڈھونڈنے سے تناؤ سے بچ جاتے ہیں۔
صحیح روشنی کا انتظام
مطالعہ کے مثبت ماحول کیلئےمعیار ی روشنی کا ہونا ضروری ہے۔ کبھی کبھی کمرے میں جو لائٹس پہلے سے موجود ہوتی ہیں وہ کافی نہیں ہوتی ہیں۔ نیز ایسے دن بھی آئیں گے جب آپ بستر پر پڑھنا جاری رکھنا چاہیں گے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے بستر پر اضافی لائٹس، اسٹڈی لیمپ، یا ڈیسک پر کوئی اضافی لائٹ لگائیں۔
اگر کمرے میں اندھیرا ہے تو یا روشنی مدھم ہے تو اس سے آپ کی بینائی متاثر ہو سکتی ہے اور آپ سر درد میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ مطالعہ کیلئے دن بھر کی قدرتی روشنی کا استعمال کریں۔
ایک معیاری میز اور کرسی کا انتظام
آپ کا بستر وہ جگہ نہیں ہے جہاں آپ کو تعلیم حاصل کرنی چاہئے۔ ایک معیاری ڈیسک یا آرام دہ کرسی خریدنا یقیناََ ایک بہت بڑی سرمایہ کاری ہے، کیونکہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ اپنا بہت زیادہ وقت صرف کریں گے، لہٰذا آپ کو آرام دہ اور پرسکون رہنے اور اپنے وقت کے مطالعے کے بہترین مصرف کیلئے کسی قسم کے سمجھوتے کی ضرورت نہیں ہے۔ خاص طور پر ایسی کرسی تلاش کریں ،جو مطالعہ کرنے کے دوران آپ کی کمر کو سہارا دے۔
مطلوبہ چیزوں کی دستیابی
ایسے طلباء ہیں جن کو تعلیم کے دوران زیادہ اشیا کی توضرورت نہیں ہوتی تاہم کچھ اہم اشیا ضرور دکار ہوتی ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی میز پر کافی تعداد میں قلم، پنسل، کیلکولیٹر، کتابیں ، درسی کتب، غرض ہر وہ چیز ہونی چاہئے جس کی آپ کو ضرورت پڑتی ہے۔
جب آپ مطالعہ کرنے یا کچھ کام کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ کے پاس یہ تمام چیزیں ہونا زیادہ بہتر ہوتا ہے ورنہ آپ ہر ایک چیز کے لیئے اٹھ کر جارہے ہوں گے اور آپ ک کام کا ہرج ہورہا ہوگا، اوروقت الگ ضائع ہو گا۔ اس کے علاوہ ، آپ کو شاید کھانے پینے کی اشیا کی بھی ضرورت ہو۔ اسی لئے آپ کو اپنے پاس مشروبات اور اسنیکس بھی رکھنے چاہئیں۔
بیک گراؤنڈ میوزک
بہت سے طلبا پڑھائی کے دوران ہلکا پھلکا میوزک لگا لیتے ہیں، ٹھیک ہے کچھ لوگوں کیلئے ہلکا پھلکا میوزک پڑھائی میں مدد کرتا ہے، لیکن اگر میوزک ایسا ہو جسے سن کر آپ کی توجہ بھٹک سکتی ہے تو پھر بیک گراؤنڈ میوزک نہ چلائیں تو بہتر ہے، اور ہوسکتا ہے، آپ کو تو بیک گراؤنڈ میوزک سے مسئلہ نہیں لیکن اس سے آپ کے ساتھی کی توجہ بھٹک سکتی ہے۔