بم بطور سووینئر لے جانے والا امریکی خاندان مشکل میں پھنس گیا

May 04, 2022

ایک امریکی خاندان کو اسرائیلی شہر تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر اس وقت غیرمتوقع صورتحال کا سامن کرنا پڑگیا جب وہ اسرائیل سے واپس امریکا جاتے ہوئے اپنے ساتھ بطور سووینئر ایک ایسا بم لے جارہے تھے جو پھٹ نہیں سکا تھا۔

اس خاندان کے ایک رکن کو یہ بم مقبوضہ گولان کی پہاڑی سے ملا تھا، جو کہ 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔

اس خاندان نے اس بم کو بطور سووینئر اپنے ساتھ لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اسٹاف سے اسے اپنے سوٹ کیس میں رکھنے کی اجازت طلب کی۔

جس پر ایک سیکورٹی افسر نے قریب سے لوگوں کو ہٹانے کا حکم دیا، تاہم ایک مسافر نے سننے میں غلطی کرتے ہوئے شور مچانا اور دہشت گرد دہشتگرد کی آوازیں لگانا شروع کردیں جس کے نتیجے میں وہاں خوف وہراس پھیل گیا اور وہاں موجود لوگوں کی دوڑیں لگ گئیں۔

بعدازاں ایئرپورٹ حکام نے اس امریکی خاندان کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا، اور جب انہیں اطمینان ہوگیا کہ یہ دہشت گرد نہیں تب انہیں طیارے پر سوار ہونے کی اجازت دی گئی۔