اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاری سے گریز، مندی چھائی رہی، 409 پوائنٹس کم

May 07, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،عالمی کساد بازاری اور شرح سود میں اضافے کا خدشہ،سرمایہ کاروں کا نئی سرمایہ کاری سے گریز،جمعہ کو مارکیٹ میں مندی چھائی رہی ،کے ایس ای 100 انڈیکس میں 409 پوائنٹس کی کمی، 45ہزار پوائنٹس کی حد بھی برقرار نہ رہی ، 65.76 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی ، سرمایہ کاری مالیت میں 76 ارب 43کروڑ 69لاکھ روپے کی کمی ،کاروباری حجم 41.78 فیصد گھٹ گیا ، تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات کے بعد مارکیٹ کھلی تو فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا ، عالمی مقامی معاشی صورتحال اور شرح سود میں اضافے کی خبروں کے باعث سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری سے گریزاں نظر آئے جس سے ٹریڈنگ کے آغاز پر شروع ہونے والا مندی کا رحجان کاروبار کے اختتام تک جاری رہا اور کے ایس ای100 انڈیکس 408.60پوائنٹس کی کمی سے 45249.41پوائنٹس سے کم ہو کر 44840.81پوائنٹس پر آکر بند ہوا، مندی کے باعث کے ایس ای 30انڈیکس بھی 165.98پوائنٹس کی کمی سے 17148.53پوائنٹس پر آگیا اور آل شیئرز انڈیکس 294.36پوائنٹس کم ہو کر 30480.30 پوائنٹس ہو گیا ، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 333کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 90 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 219 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 24 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، سرمایہ کاری مالیت 76 ارب 43کروڑ 69لاکھ 56ہزار روپے گھٹ کر 7443ارب 30کروڑ 33لاکھ 45ہزار روپے ہوگئی ، سرمایہ کاری کی عدم دلچسپی کے باعث کاروباری حجم 13کروڑ 59لاکھ 82ہزار شیئرز کی کمی سے 18کروڑ 94 لاکھ 84ہزار شیئرز پر آگیا ، مارکیٹ میں کاروباری حجم کے لحاظ سے سمٹ بینک ، یونٹی فوڈ، سنرجیکو پاک، پاک ریفائنری اور پاک الیکٹرون سر فہرست رہے ، جمعہ کو سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ سیمنز پاک اور ملت ٹریکٹرز کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ بالترتیب 34.99 روپے اور 30.78روپے فی شیئرز تھی اور سب سے زیادہ کمی کولگیٹ پامولیو اور نیسئلے پاکستان کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 77.40روپے اور 75.00 روپے فی شیئرز تھی۔