ہنزہ میں ’پسوڑی‘ کا جادو چل گیا

May 15, 2022


کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے مقبول ترین گانے ’پسوڑی‘ کا جادو ہنزہ، گلگت بلتستان کے نوجوانوں پر بھی ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ہنزہ، گلگت بلتستان کے نوجوان لڑکے روایتی موسیقی کے آلات کا استعمال کرتے ہوئے اُن پر گانے ’پسوڑی‘ کی دُھن بجا رہے ہیں۔

ہنزہ سے تعلق رکھنے والے موسیقاروں کے اس باصلاحیت گروپ نے اپنے ٹیلنٹ سے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 کے مقبول گانے ’پسوڑی‘ کو اپنا منفرد ٹچ دیا۔

اس گروپ کے منفرد انداز کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جارہا ہے اور ویڈیو پر اب تک ایک 92 ہزار سے زائد ویوز آچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے ’پسوڑی‘ نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، سپر ہٹ گانا یوٹیوب پر 10 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

پسوڑی کو معروف گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شائے گِل نے گایا ہے، اس گانے کے بول علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھے ہیں اور کمپوزیشن زلفی نے دی ہے۔