• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشرت فاطمہ کا سینئر فنکاروں کی بڑھتی عمر پر تنقید کرنیوالوں کو کرارا جواب

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستان ٹیلی وژن کی معروف اور سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے شوبز انڈسٹری میں بڑھتی عمر پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

عشرت فاطمہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ لفظ ’بُڈھی‘ سے چڑتی ہیں؟

نیوز کاسٹر نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ نہیں میں اس لفظ سے چڑتی نہیں ہوں بس سوچنے پر مجبور ہوجاتی ہوں کہ بُڈھی تو کوئی بھی خاتون ہو سکتی ہے، ماشاء اللّٰہ میری والدہ 92 برس کی ہو گئی ہیں، کیا میں اُنہیں یہ کہتی ہوں کہ آپ بُڈھی ہیں یا کیا میں یہ کہتی ہوں کہ میرے والد بُڈھے ہیں؟

اُنہوں نے کہا کہ پتہ نہیں لوگ کیسے اپنے منہ سے یہ لفظ نکال دیتے ہیں اور ایک اہم بات یہ کہ جب ہم بولتے ہیں تو ہم دوسرے کو بے عزت نہیں کر رہے ہوتے بلکہ اپنی تربیت دکھا رہے ہوتے ہیں۔

عشرت فاطمہ نے مزید کہا کہ میں نے ابھی دیکھا کہ کسی نے بشریٰ انصاری صاحبہ کو اسی طرح کے کچھ الفاظ کہے تھے اور پھر جواب میں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں وہ بہت تکلیف میں نظر آ رہی تھیں اور میں نے اس حوالے سے اپنے ایک گزشتہ انٹرویو میں بھی بات کی تھی، ایک خاتون یا مرد جو بالکل بشریٰ انصاری کی طرح  اپنا خیال رکھتا ہے، ہماری انڈسٹری کے ایسے لوگ تو ہماری ایک تھپکی کے مستحق ہیں، انہیں تو شاباش دینی چاہیے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ ایسے لوگوں کو کہتے ہیں کہ گھر بیٹھ جاؤ، وہ کیوں گھر بیٹھ جائیں؟ آپ کی انڈسٹری محروم ہو جائے گی، اس ورسٹائل آرٹسٹ سے چاہے وہ مرد ہو یا عورت ہو، بشریٰ انصاری تو ویسے ہی کمال کی اداکارہ ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید