• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادی ڈیانا کس پیشے سے منسلک ہونا چاہتی تھیں؟ نایاب خط میں انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

برطانوی شاہی خاندان کی معروف شخصیت شہزادی ڈیانا کا 1979ء میں ہاتھ سے لکھا گیا ایک نایاب خط نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

خط کی متوقع قیمت 4,000 پاؤنڈ لگائی گئی ہے، جس میں 17 سالہ ڈیانا نے انکشاف کیا تھا کہ میں مستقبل میں پیشہ ور رقاصہ بننا چاہتی ہوں۔

یہ خط یکم فروری 1979ء کو خاندانی دوست ملڈرڈ لیسی کے نام لکھا گیا تھا، خط میں ڈیانا نے اپنے والد جان اسپینسر کی علالت پر پیغام بھیجنے پر دوست کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ میرے والد فالج کے باعث خود جواب دینے کے قابل نہیں تھے اس لیے میں ان کی جانب سے اظہارِ تشکر کر رہی ہوں۔

خط میں ڈیانا نے اپنے خواب کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ میں رقص سیکھنے کے لیے جگہ تلاش کر رہی ہوں، یہ ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے اور امید ہے کہ ایک دن اس میدان میں کامیاب ہو جاؤں گی۔

شہزادی ڈیانا بچپن سے بیلے ڈانس کی شوقین تھیں اور اسکول کے زمانے میں رقص کے مقابلے بھی جیت چکی تھیں تاہم قد 5 فٹ 10 انچ ہونے اور ٹانگ کی انجری کے باعث وہ پیشہ ور بیلے ڈانسر نہ بن سکیں۔

ڈیانا کی زندگی میں رقص کی سب سے مشہور یاد 1985ء میں سامنے آئی جب انہوں نے وائٹ ہاؤس میں معروف اداکار جان ٹراوولٹا کے ساتھ رقص کیا تھا۔

اسی سال انہوں نے شاہی تقریب میں گلوکار بلی جوئل کے گانے پر خصوصی پرفارمنس بھی دی تھی۔

شہزادی ڈیانا 1997ء میں پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئی تھیں تاہم ان کی شخصیت اور نجی زندگی سے جڑی نایاب یادیں آج بھی دنیا بھر کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید