غزہ امداد لے جانے والے بحری قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں اور کارکنوں کی گرفتاری پر پاکستان سمیت 10 ممالک نے مذمت کی ہے۔
پاکستان، ترکیہ، بنگلادیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں بین الاقوامی پانیوں میں فلوٹیلاز پر اسرائیلی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اسرائیل سے بلاجواز حراست میں لیے گئے تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پُرامن انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں پر حملے عالمی قوانین اور آزاد جہاز رانی کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری شہریوں اور انسانی امدادی مشنز کے تحفظ کو یقینی بنائے، اسرائیل کو سزا سے استثنیٰ کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد کشتیوں کو روک لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق پیر کی صبح اسرائیلی فورسز نے 100 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ کارروائی غزہ کے ساحل سے 40 ناٹیکل میل دور بین الاقوامی پانیوں میں کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے امدادی بیڑے کو روکنے کے لیے مکمل طور پر اسلحے سے لیس بحری بیڑا تعینات کیا، جبکہ مسلح اہلکار اسپیڈ بوٹس کے ذریعے کشتیوں پر سوار ہوئے، اسرائیلی فورسز نے زیرِ حراست کارکنوں کو اشدود منتقل کر دیا، 50 سے زائد کشتیوں پر مشتمل یہ امدادی قافلہ ترک شہر مارمارس سے جمعرات کو روانہ ہوا تھا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 2 ہفتے قبل بھی اسرائیلی فورسز نے یونان کے ساحل کے قریب 22 امدادی کشتیوں کو روک کر 181 رضاکاروں کو حراست میں لیا تھا۔