امریکی خلائی ادارے ناسا نے خلاء میں کیے گئے ایک دلچسپ تجربے کی حیرت انگیز ویڈیو جاری کر دی، جس نے سوشل میڈیا صارفین کو دنگ کر دیا۔
ویڈیو میں آرٹیمس II مشن کے خلاء بازوں کو اوریون کیپسول میں پانی کے قطرے کے ساتھ تجربہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
خلاء بازوں نے پانی کا قطرہ فضا میں چھوڑا تو وہ خلاء میں ایک شفاف کرسٹل گیند کی طرح مکمل گول شکل اختیار کر گیا، بعدازاں خلاء بازوں نے اسٹرا کے ذریعے اس قطرے کو پکڑا اور دوبارہ مائیکرو گریویٹی میں چھوڑ دیا۔
ناسا کے مطابق یہ جیرمی ہینسن کی پہلی خلائی پرواز تھی، اس لیے ساتھی خلاء بازوں نے انہیں خلاء میں پانی کی طبیعیات سے متعلق دلچسپ تجربات بھی کروائے۔
ماہرین کے مطابق زمین پر پانی کا قطرہ کششِ ثقل کے باعث پھیل جاتا ہے، جبکہ خلاء میں چونکہ کششِ ثقل نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، اس لیے پانی کے سالمات (Molecules) ہر سمت ایک دوسرے کو یکساں کھینچتے ہیں، جس کے نتیجے میں قطرہ مکمل گول شکل اختیار کر لیتا ہے۔
ویڈیو دیکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے اسے جادوئی منظر قرار دیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ خلاء میں ہر وقت سنجیدگی نہیں ہو سکتی، تھوڑا مزہ بھی ضروری ہے، جبکہ دوسرے نے کہا ہے کہ یہ منظر خالص جادو جیسا محسوس ہوا ہے۔