ٹام کروز کی فلم ’ٹاپ گن‘ لانچ کیلئے 30 سال بعد کانز فیسٹیول میں شرکت

May 19, 2022

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ فلم انڈسٹری کے سپرا سٹار ٹام کروز 30 برس بعد فرانس کے شہر کانز پہنچے جہاں وہ اپنی فلم ’ٹاپ گن: ماورک‘ لانچ کرینگے۔ ٹام کروز 1992کے بعد کانز آرہے ہیں ۔فلم انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کے مطابق اب ہولی وڈ میں سپر ہیرو کا لمبے عرصے تک راج کرنا ایک نایاب چیز ہے کیونکہ اداکاروں اور اداکاراؤں کی انفرادی حیثیت کے بجائے اب اسٹوڈیوز مالی لحاظ سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔1992 میں ٹام کروز اپنی اُس وقت کی اہلیہ نکول کڈمین کے ساتھ فلم ’فار اینڈ اوے‘ کے پریمیئر کے لیے کانزمیں آخری بار آئے تھے۔اس وقت کیون کوسٹنر، میل گبسن اور بروس وِلس جیسے لوگوں کا راج تھا اور آج وہ تمام نام پس منظر میں جا چکے ہیں مگر باکس آفس پر ٹام کروز کا راج جاری ہے۔کنگز کالج لندن میں میڈیا انڈسٹریز کے پروفیسر پال میکڈونلڈ کے مطابق ٹام کروز ایک ایسے شخص کے طور پر غیر معمولی ہیں جو ایسے وقت بھی اپنا کمرشل وزن برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں جب اسٹوڈیو سپر ہیرو فرنچائز فلموں کے زیر تسلط آ گئے ہیں۔ پروفیسر میکڈونلڈ نے کہا کہ ’اور اس کی اس وجہ سے بھی اہمیت ہے کہ وہ اس برس 60 سال کی عمر کو پہنچنے والے ہیں۔‘ہولی وڈ فلموں کے بزنس کی تجزیہ کرنے والی ویب سائٹ دی نمبرز کے مطابق ٹام کروز نے جن 39فلموں میں بطور مرکزی اداکار کام کیا ان فلموں نے دنیا بھر میں صرف 8.5بلین ڈالر کمائے۔باکس آفس پرو کے مطابق فلم ’ٹاپ گن:ماورک‘ صرف امریکہ سے390ملین ڈالر کما سکتی ہے۔