عالمی ادارہ صحت کا منکی پاکس کے پھیلاؤ پر ہنگامی اجلاس

May 22, 2022


عالمی ادارہ صحت نے جمعہ کے روز منکی پاکس کے یورپی ممالک میں پھیلاؤ پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا تھا، جس میں وائرل انفیکشن کے یورپ میں 100 سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق، اس وائرل انفیکشن کے پھیلاؤ پر گفتگو کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی کمیٹی نے اسٹریٹجک اور تکنیکی مشاورتی گروپ (STAG-IH) سے ملاقات کی ہے، جو اس طرح کے انفیکشنز کے خطرات کے بارے میں مشورہ دیتا ہے جو کہ عالمی صحت کے لیے خطرہ بن سکتے ہوں۔

رپورٹ کے مطابق ، اس انفیکشن کے پھیلاؤ کے حوالے سے یہ فیصلہ کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ اس وبا کو عالمی وبا قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کی جائے، جیسے کہ اس سے پہلے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے لیے لاگو کی گئی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر آفیسر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ انفیکشن اس وقت عام لوگوں کے لیے زیادہ بڑا خطرہ بنتا نہیں نظر آرہا۔

سربراہ عالمی ادارہ صحت، ٹیڈروس ایڈہنم کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ منکی پاکس بیماری سے متعلق صورتحال کا جائزے لے رہے ہیں، ڈبلیو ایچ او منکی پاکس بیماری سے متاثرہ ممالک کو رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔

ٹیڈروس ایڈہنم نے کہا ہے کہ منکی پاکس بیماری کے پھیلنےکی وجوہات معلوم کرنا، پھیلنے سے روکنے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ فرانس، بیلجیم، جرمنی، آسٹریلیا، اسپین، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا میں منکی پاکس کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

منکی پاکس انفیکشن کی علامات میں بخار، جسم کا درد اور دانوں کا نکلنا شامل ہے۔

منکی پاکس کیسے پھیلتا ہے؟

ہیلتھ رپورٹس کے مطابق منکی پاکس عام طور پر سانس کے ذریعے پھیلتا ہے، یہ بہت کم پائی جانے والی ایک خطرناک بیماری ہے جو کہ افریقا میں پائی جاتی ہے۔

علامات اور بیماری کا دورانیہ

اس بیماری کی علامات میں نزلہ اور بغلوں کے اندر سوجن شامل ہے، اس بیماری میں لاحق ہونے والے مریضوں کو چہرے اور جسم پر چکن پاکس جیسی خارش کی شکایت بھی ہو سکتی ہے، منکی پاکس کے شکار مریضوں کے صحتیاب ہونے کا دورانیہ 2 سے 4 ہفتے ہے۔