سشمیتا سین کو مِس یونیورس کا تاج پہنے کتنے برس ہوگئے؟

May 22, 2022

سشمیتا سین کو مِس یونیورس کا تاج پہننے کے 28 سال مکمل ہوگئے

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے مِس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے کے 28 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔

سشمیا سین،21 مئی 1994 کو وہ پہلی بھارتی خاتون بنیں جنہوں نے دنیا بھر کے 77 ممالک کی حسیناؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے مِس یونیورس کا تاج پہنا۔

اب گزشتہ روز سشمیتا سین نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ لال رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں۔

سشمیتا سین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’خوبصورت ایک احساس ہے، پہلی بار مِس یونیورس جیتنے والے بھارت کو، اس جیت کے 28 سال مبارک ہو۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’وقت گُزر جاتا ہے، خوبصورتی باقی رہتی ہے۔‘

واضح رہے کہ1994میں مِس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجانے والی بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اس مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پوچھے گئے آخری سوال کو پوری طرح سے سمجھ نہیں سکی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مس یونیورس مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں اداکارہ سے پوچھا گیا تھا کہ ’آپ کے لیے عورت ہونے کا احساس کیا ہے؟‘ جس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’ایک عورت ہونا خدا کا تحفہ ہے جس کی ہم سب کو قدر کرنی چاہیے۔ بچے کی اصل ماں ہے جو عورت ہے۔ وہ ایک آدمی کو دکھاتی ہے کہ دیکھ بھال، اشتراک اور محبت کیا ہے۔ یہ ایک عورت ہونے کا احساس ہے۔‘