عمران خان کی خانہ جنگی کروانے کی چاہت بھول ہے،شہباز شریف

May 22, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر عمران خان ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔

پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ(پی کے ایل آئی)میں میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے عمران خان کو وارننگ دی کہ ایسا کچھ کیا تو عوام تمہارا گریبان پکڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو عمران نیازی نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، انہیں اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے جو زبان استعمال کی، اُس سے ساری قوم کا سر شرم سے جھک گیا۔

اُن کا کہنا تھاکہ میں نے2018ء میں چارٹر آف اکانومی کی پیشکش کی تھی، جسے عمران خان نے حقارت سے ٹھکرادیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ کئی لاکھ لوگ بیروزگار ہوگئے، ایک نوکری نہیں ملی، عمران نیازی نیب کے سرپر سوار رہتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے میرے متعلق حکم دیا کہ شہباز شریف کو نیب کی قید میں زمین پر سُلایا جائے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میں کوٹ لکھپت جیل آیا تو کہا گیاشہبازشریف کو زمین پر سلاؤ،مجھے بکتر بند گاڑی میں بٹھایا تاکہ ہچکولے لگیںتو کمر میں درد ہو۔

اُن کا کہنا تھاکہ عمران خان نے اخلاقیات،سماج کو تباہ کر دیا،ساڑھے 3 سال عمران نیازی کو مخالفین کو دیوار سے لگانے اور گالم گلوچ سے فرصت نہیں تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ سے متعلق فیصلے کر لیے گئے،ماضی میں اسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کو بحال کر دیا گیا ہے،پی کے ایل آئی میں 50 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن کے پاس روٹی کھانے کو پیسے نہیں، وہ علاج کہاں سے کرائیں گے،صاحب حیثیت کے علاج سے ہونے والی آمدن غریب مریضوں پر خرچ ہوگی۔

اُن کا کہنا تھاکہ نرسنگ یونیورسٹی ایک سال میں مکمل ہوگی،پی کے ایل آئی پر20 ارب روپے لگےتھے،اس میں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں نکال سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ منصب سنبھالتے ہی ڈاکٹرسعید اختر سےرابطہ کیا، امریکاسےواپس آئے،تین سال اسپتال کے ضائع ہوگئے،سیکڑوں مریض اللہ کو پیارے ہوگئے، جن کا علاج ہوسکتا تھا۔