پی ٹی آئی کا ممکنہ گرفتاریوں کیخلاف عدالت سے رجوع

May 23, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممکنہ گرفتاریوں اور راستوں کی بندش کے خلاف درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ اور پولیس کو گرفتاریوں اور راستوں کی بندش سے روکے۔

درخواست میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کو پرامن احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق بھی دستورِ پاکستان ہی دیتا ہے، پرامن احتجاج کیخلاف امپورٹڈ سرکار کو باز رکھا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ڈی چوک کو پہلے ہی کنٹینر رکھ کر سیل کیا جاچکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون جانے والے دیگر تمام راستوں کو بھی آج رات سیل کردیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان نےحکومت سے اسمبلی توڑنے اور انتخابات کرانے کی تاریخ مانگ لی اور صاف شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

عمران خان نےواضح پیغام دیا کہ نیوٹرل رہنے کا کہنے والے اب نیوٹرل رہیں۔ بیورو کریسی کو بھی دھمکی دی کہ کوئی غیر قانونی کام کیا تو ایکشن لیں گے۔

دوسری جانب اتحادی حکومت نے اپنی مدت پوری کرنے اور مشکل فیصلے کرنے کا فیصلہ کر لیا، یہ فیصلہ گزشتہ رات اتحادی حکومت کے رہنماؤں کے درمیان رابطوں کے نتیجے میں لیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد سیاسی رہنماؤں میں مشاورت ہوئی، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قبل ازوقت انتخابات نہیں کرائے جائیں گے، حکومت 2023ء تک اپنی مدت پوری کرے گی۔