قومی ادارہ صحت نے منکی پاکس سے متعلق الرٹ جاری کر دیا

May 23, 2022

تصویر بشکریہ ہیلتھ کیئر ویب سائٹ

قومی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا۔

قومی ادارہ صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام صحت کو منکی پاکس کے مشتبہ کیسز سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے ملک بھر کے بڑے سرکاری ونجی اسپتالوں کو بھی آئسولیشن وارڈ قائم کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس سے بچاؤ کے پیش نظر ملک کے تمام داخلی راستوں، ایئرپورٹس پر مسافروں کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ماہرین قومی ادارہ صحت کے مطابق دنیا میں منکی پاکس کے 92 کنفرم اور 28 مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ماہرین قومی ادارہ صحت کے مطابق منکی پاکس وائرس جانوروں سے جانوروں اور اب انسانوں میں منتقل ہو گیا ہے، منکی پوکس متاثرہ شخص کو ہاتھ لگانے اور دانوں کی رطوبت لگنے سے پھیلتا ہے۔

ماہرین قومی ادارہ صحت کی جانب سے اسپتالوں میں موجود طبی عملے کو منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں سے احتیاط سے پیش آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل محکمۂ صحت سندھ کی جانب سے بھی منکی پاکس کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کے مطابق منکی پاکس کے 111 کیس انگلینڈ اور امریکا میں رپورٹ ہو چکے ہیں۔

وزارت صحت سندھ کی جانب سے منکی پاکس بیماری سے بچاؤ کے لیے لیبارٹری، سرویلنس کے عمل کو بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق منکی پاکس بیماری میں سر اور پٹھوں میں درد، جسم پر پھوڑے ظاہر ہوسکتے ہیں۔