حضور اکرمﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلا جائے، قاری یونس

May 24, 2022

سلاؤ ( اورنگزیب چوہدری ) پاکستان کے ممتاز قاری و نعت خواں اور قومی اسمبلی و سینیٹ آف پاکستان میں قرآت کی سعادت حاصل کرنے والے قاری محمد یونس برطانیہ پہنچ گے۔ہیتھرو ایئر پورٹ آمد پر شاندار استقبال کیاگیا، قاری محمد یونس اپنے بیٹے بیرسٹر قاری محمد منیر اور دیگر فیملی ممبرز کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد برطانیہ پہنچے۔لندن آمد کے موقع قاری قومی اسمبلی و سینیٹ آف پاکستان قاری محمد یونس نے جنگ لندن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ایک مرتبہ پھر اپنے گھر بلوایا اور فیملی کے ساتھ عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی، اللّٰہ تعالیٰ کے گھر خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر حاضری سے دلی سکون ملا، انہوں نے کہا ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنے پیارے نبی کی سنت اور تعلیمات پر عمل کریں گے۔ نبی پاک صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سے سچی محبت و عقیدت کا عقلی و فطری تقاضا ہے کہ ہم ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت اور نعت خوانی سے جو دلی سکون اور اطمینان ملتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ اللّٰہ تعالیٰ اور نبی پاک حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ والے وسلم سے دل سے پیار و محبت کرنے والے کبھی ناکام و نا مراد نہیں رہتے۔ میرا لوگوں سے پیار و محبت کا رشتہ اللّٰہ اور اس کے پیارے نبی کے تعلق سے ہے جس پر مجھے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو بڑے اداروں قومی اسمبلی اور سینیٹ آف پاکستان کے اجلاسوں سے پہلے قرآن پاک کی تلاوت کرنا اور نعت شریف پیش کرنے کی سعادت کرنا میرے لیے بڑے اعزاز اور عزت کی بات ہے جس پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ قاری محمد یونس کا قیام سلاؤ میں اپنے بیٹے بیرسٹر قاری منیر یونس کے ہاں ہو گا۔