کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا، عالمی ادارہ صحت

May 24, 2022

کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا، سربراہ عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ کورونا کا یقینی اور مکمل خاتمہ نہیں ہوا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ تقریباً تمام خطوں کے 70 ممالک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کوروناوائرس نے ہمیں ہر موڑ پر حیران کیا ہے، ہم اب تک کورونا وائرس سےمتعلق کوئی حتمی پیش گوئی کرنے کےقابل نہیں ہوسکے ہیں۔

ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والےممالک میں تقریباً ایک بلین افراد کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے، ابھی تک صرف 57 ممالک نےاپنی 70 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن مکمل کی ہے۔

اُنہوں نے کورونا ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک اپنی70فیصد آبادی کی ویکسینیشن یقینی بنانےکے لیے مل کرکام کریں اور کوروناوبا کے خاتمےکے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ ورکرز، کمزور قوت مدافعت، اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن لازمی کی جائے۔

ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ کورونا وبا جادوئی طور پر خود بخودختم نہیں ہوگی، ہمیں اس کے لیے کوشش جاری رکھنی پڑے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ فائزر نے5 سال سے کم عمر بچوں کے لیے کورونا ویکسین کی تیسری خوراک کو مؤثر قرار دے دیا ہے۔

خیا ل رہے کہ فائزر کمپنی 5 سال سےکم عمربچوں کی ویکسین کی منظوری کے لیے رواں ہفتے ایف ڈی اے میں درخواست دے گی۔