سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز حیدرآباد میں مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز

May 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈزیزز حیدرآبادمیں مفت اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ کراچی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کارڈیک سرجنز پروفیسر رضوان میمن اور پروفیسر فضلِ ربی نے اینستھیزیالوجسٹ پروفیسر امین خواجہ کے ساتھ اوپن ہارٹ سرجری سرانجام دی۔ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈزیزز (ایس آئی سی وی ڈی) سیٹ لائٹ سینٹر میں پہلی کامیاب ہارٹ بائی پاس سرجری کے بعد حیدرآباد شہر صوبہ ء سندھ میں 5واں شہر بن چکا ہے جہاں پر اوپن ہارٹ سرجریز سرانجام دی جاتی ہیں، اس سے پہلے کراچی، سکھر، ٹنڈومحمدخان اورلاڑکانہ میں اوپن ہارٹ سرجریز کی سہولتوں کا آغاز کیا گیا تھا۔اس موقع پر ڈاکٹرز نے اوپن ہارٹ سرجری کی سہولت کو حیدرآباد اور گردونواح کے علاقہ مکینوں کے لیے نیک شگون قرار دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ حیدرآباد کے رہائشی پہلے امراضِ قلب کے جدید علاج اور سرجریز کے لئے کراچی او ر بڑے شہروں کا سفر کرتے تھے، لیکن اب وہ اپنے گھروں کے قریب ہی امراضِ قلب کے جدید علاج و پروسیجرز سے مستفید ہو سکیں گے۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سینٹر میں ضلع مٹیاری سے تعلق رکھنے والی ١٨ سالا لڑکی کی کامیابی سے ہارٹ بائی پاس سرجری سرانجام دی گئی ہے اور مریضہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہے۔