فیروز خان ایک ماہ کی بچی کیساتھ لانگ مارچ میں شامل خاتون سے متاثر

May 26, 2022

فیروز خان، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان لانگ مارچ میں ایک ماہ کی بچی کے ہمراہ لانگ مارچ میں شامل ہونے والی خاتون کے جذبے سے متاثر ہوگئے ہیں۔

فیروز خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لانگ مارچ میں شامل ایک خاتون کی ویڈیو شیئر کی ہے جوکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔

اُنہوں نے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ’ مجھے آپ پر فخر ہے۔‘

فیروز خان نے خاتون کی تعریف کرتے ہوئے لکھاکہ’ یہ یہاں کی بااختیار عورت ہے۔‘

اس ویڈیو میں شادمان ٹاؤن سے آئی ایک خاتون کو اپنے دو چھوٹے بچوں کے ہمراہ سڑک پر بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک رپورٹر نے خاتون سے پوچھا کہ پیچھے روڈ پر شیلنگ ہورہی ہے، کیا اُنہیں ڈر نہیں لگ رہا ہے؟

اس سوال کے جواب میں خاتون نے کہا کہ اگر ہم آج ڈر گئے تو یہ سب ہماری نسلوں کو بُھگتنا پڑے گا۔

بچوں کی عمر پوچھنے پر خاتون نے رپورٹر کو بتایا کہ ان کی بچی ایک ماہ کی ہے جبکہ بچہ ایک سال کا ہے۔

جس پر رپورٹر نے حیران ہوکر پوچھا کہ ایسا جذبہ کہاں سے آیا کہ اتنی گرمی میں گھر سے نکل کر آئیں اور آپ دھوپ میں یہاں کافی دیر سے بیٹھی ہیں۔

خاتون نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے پاکستان کے موجودہ حالات دیکھ کر کربلا یاد آئی کہ جب ظلم ہورہا تھا اور کوفہ والے خاموش بیٹھے تھے تو آج بھی اسی طرح کی صورتحال ہے۔