امریکی ایجنسی کے کمرشل سٹیلائٹ کمپنیز سے اربوں ڈالر کے معاہدے

May 27, 2022

جاسوسی میں استعمال ہونے والی سٹیلائٹس کی نگران امریکی ایجنسی نے تین کمرشل سٹیلائٹ کمپنیز کو اربوں ڈالر کے ٹھیکے دے دیے۔

’نیشنل ریکونسینس آفس‘ (National Reconnaissance Office) نے اپنے بیان میں کہا کہ کمرشل سٹیلائٹ کمپنیز کے ساتھ تاریخ کے سب سے بڑے معاہدے کیے گئے ہیں۔

تینوں کمپنیز کی درجنوں سٹیلائٹس خلا سے زمین تک اعلیٰ معیار کی تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ معاہدے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب پینٹاگون اور خفیہ ایجنسیز کا کمشرل سٹیلائٹ کمپنیز سے ملنے والی تصاویر پر انحصار بڑھ گیا ہے۔

ان تصاویر سے جاسوسی، جنگ اور فلاحی کاموں کے دوران بہت مدد ملتی ہے۔

حال ہی میں یوکرین جنگ کے دوران کمرشل سٹیلائٹس سے موصول ہونے والی تصاویر اور فوٹیجز امریکا اور نیٹو کے لیے معاون ثابت ہوئیں۔

ان اعلیٰ معیار کی تصاویر میں فوجی دستوں کی نقل و حرکت اور جنگ سے ہونے والی تباہی کی عکسبندی کی گئی تھی۔

تصاویر کی اہمیت کا اندازہ ایسے لگایا جاسکتا ہے کہ یوکرینی حکومت نے سٹیلائٹ کمپنیز سے درخواست کی تھی کہ اپنا ڈیٹا ہمارے ساتھ شیئر کریں۔

امریکی حکومت کی طرف سے دو کمپنیز کے ساتھ 4.24 ارب ڈالر کے معاہدے کیے گئے ہیں جبکہ یہ واضح نہیں ہے کہ تیسری کمپنی سے کتنی رقم کا معاہدہ ہوگا۔