برطانوی شہری کو 10 ماہ قبل دریا میں گرنے والا قیمتی فون واپس مل گیا

June 24, 2022

برطانیہ کے وائے دریا میں 10 ماہ قبل پارٹی کے دوران ایک شہری کا قیمتی موبائل فون پانی میں گر گیا تھا جو اسے واپس مل گیا ہے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 10 مہینے پانی میں رہنے کے باوجود بھی فون کام کر رہا تھا۔

ایک شہری میگوئیل کو یہ فون وائے دریا سے اس وقت ملا جب وہ اپنی فیملی کے ہمراہ کشتی میں سفر کر رہا تھا۔

میگوئیل نے فون کو پانی سے نکالا اور گھر لا کر ایئر کمپریسر سے سُکھایا۔

فون خشک ہونے کے بعد شہری نے چارجنگ پر لگایا تو حیران کن طور پر موبائل چارج ہونے لگا۔

میگوئیل نے فون کی تصاویر ایک فیس بک گروپ پر شیئر کیں اور لاک اسکرین کی تصویر بھی پوسٹ کی جس میں ایک شخص اور خاتون کھڑے تھے۔

یہ پوسٹ ہزاروں مرتبہ شیئر کی گئی یہاں تک کہ تصویر میں موجود شخص کی شناخت اوین ڈیویز کے نام سے ہوگئی جو اسکاٹ لینڈ کا رہائشی تھا۔

ڈیویز نے بتایا کہ وہ دریا میں کشتی چلا رہا تھا کہ اس دوران فون پانی میں گر گیا۔