چائے چھوڑیں! جامعات میں طلبہ کو لسّی اور ستّو پلائیں: ایچ ای سی

June 25, 2022

ایچ ای سی کی جامعات کو انوکھی تجویز

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے چائے کم پینے کے مشورے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ملک بھر کی جامعات کو ستّو اور لسّی پروموٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایچ ای سی کی قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل کی طرف سے تمام سرکاری اور نجی جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو لکھے گئے ایک حالیہ خط کے مطابق، ایچ ای سی نے مقامی طور پر تیار کردہ روایتی مشروبات جیسے لسّی اور ستّو کی کھپت کو بڑھانے کی تجویز دی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ یہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور اس کاروبار سے وابستہ لوگوں کے لیے آمدنی پیدا کرے گا۔

ایچ ای سی نے مزید تجویز دی ہے کہ چائے کی پیداوار کو مقامی سطح پر فروغ دیا جائے، اس سے قومی درآمدی بل میں چائے پر ہونے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔

اس کے علاوہ، ایچ ای سی نے جیواشم ایندھن کی درآمد کو کم کرنے کی سفارش کی ہے جس میں موٹر سائیکلوں، کاروں، بسوں اور ٹرینوں میں استعمال ہونے والے درآمدی جیواشم ایندھن کے متبادل کے طور پر متبادل توانائی میں تحقیق کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

آخر میں، کمیشن نے کھانے کے تیل کی درآمد کو کم کرنے کی تجویز دی ہے، مقامی کوکنگ آئل میں تحقیق کے فروغ اور درآمد شدہ خوردنی تیل کو تبدیل کرنے کے لیے ان کی مارکیٹنگ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے مراسلے میں مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ معزز وائس چانسلرز روزگار کے مواقع پیدا کرنے، درآمدات کو کم کرنے اور معاشی صورتحال کو آسان بنانے پر غور کریں گے۔