پاکستانی خاتون کو 3 سال بعد اپنا کھویا ہوا بیگ کیسے ملا؟

June 25, 2022

فائل فوٹو

پاکستانی خاتون کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھویا اپنابیگ تین سال بعد دوبارہ مل گیا۔

خدیجہ نامی خاتون نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کی کہانی سُنائی۔

خدیجہ نے بتایا کہ 2018 میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر میرا لیپ ٹاپ کا بیگ گم ہو گیا تھا، اس میں میرا آئی پیڈ اور ایک ہارڈ ڈسک تھی۔ ہارڈ ڈسک میں میرے تمام فون کا بیک اپ تھا۔

تین سال بعد، 2021 میں جب خدیجہ نے اس واقعے سے آگے بڑھ کر ایک نیا ٹیبلٹ خریدا، تو اسے جہلم میں ایک موبائل شاپ کے مالک کا فون آیا جس میں کہا گیا کہ اس کے پاس اس خاتون کا سامان ہے۔

خدیجہ کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ وہ کس چیز کا ذکر کر رہا ہے لیکن آخر کار اسے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنا بیگ کھونا یاد آیا۔

خاتون نے بتایا کہ دُکان کے مالک نے مجھے بیگ میں موجود سامان کی تصاویر بھیجیں اور وہ میرا ہی سامان تھا، بالکل ویسا ہی جیسے میں نے بیگ میں چھوڑا تھا، اس میں میرا چشمہ اور ایک نوٹ بک بھی شامل تھی جس میں میری تحریریں تھیں۔

خدیجہ نے بتایا کہ کسی نے موبائل شاپ کے مالک کو گیجٹس بیچنے کی کوشش کی تھی لیکن اسے پتہ چلا کہ وہ شخص صحیح مالک نہیں ہے جس کے بعد موبائل شاپ کے مالک نے بیگ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا اور میری ہارڈ ڈسک کی مدد سے مجھ سے رابطہ کیا۔

بعدازاں میرے بھائی نے میرا سامان لینے کے لیے جہلم کا سفر کیا اور وہاں جاکر معلوم ہوا کہ اُس شخص کی موبائل شاپ بہت چھوٹی تھی لیکن اُس نے اپنی ایمانداری سے بڑا کارنامہ سرانجام دیا۔