وزیراعظم کی نوابشاہ آمد، زرداری سے ملاقات، والدہ کے انتقال پر تعزیت

June 26, 2022

نواب شاہ (بیوررپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری سے انکی والدہ محترمہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دادی کی وفات پر زرداری ہاؤس شہید بے نظیر آباد، نواب شاہ جا کر تعزیت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورہ پر نوابشاہ پہنچے۔ ایئرپورٹ پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انکا استقبال کیا۔ بعدازاںشہباز شریف زرداری ہاؤس پہنچے جہاں پر سابق صدر آصف علی زرداری نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آصف علی زرداری سے انکی والدہ بیگم زرین آرا کے انتقال پر تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،وفاقی وزرا قمر نوید ، خواجہ سعد رفیق ، شازیہ مری ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، معاون خصوصی فہد حسین سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی اپنے بیٹے قاسم گیلانی کے ہمراہ خصوصی طیارے سے نواب شاہ پہنچے اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔