جے یو آئی (ف) نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کردیا

June 26, 2022

جمعیت علماء اسلام (ف) نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگادیا۔

مرکزی ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غورینے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔

مرکزی ترجمان جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ تشدد اور دھاندلی کے واقعات سے بھرا پڑا ہے، جے یو آئی (ف) کے امیدواروں، کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اس دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

اسلم غوری نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ نے جانبدارانہ کردار ادا کر کے بلدیاتی الیکشن پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ سندھ بلدیاتی الیکشن میں سیاسی مخالفین کے لیے جمہوری عمل میں حصہ لینا جرم بنادیا گیا۔

ترجمان جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ جیکب آباد، پنو عاقل، کندھ کوٹ میں ان کی جماعت کے پولنگ ایجنٹس کو اغوا کیا گیا۔

واضح رہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ہوئی، جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

اس دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔