پرویزالٰہی ہی ہمارے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں‘ شجاعت

June 29, 2022

اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی حمایت کرنے کے ن لیگ کے دعوے کی تردید کرتا ہوں۔ اپنے بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ صاف الفاظ میں کہتا ہوں کہ پرویزالٰہی ہی ہمارے امیدوار ہیں، ہمارے ارکان پرویزالٰہی کو ووٹ دیں گے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ غلط افواہیں پھیلا کر ہمارے کسی رکن اسمبلی کو غلط فہمی میں ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے۔ مسلم لیگی ارکان پنجاب اسمبلی نے ہمیشہ پارٹی ڈسپلن کی پابندی کی ہے، انشاء اللہ وہ پرویز الٰہی کی حمایت کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ میں نے کبھی غلط بیانی نہیں کی، ہمیشہ صاف گوئی کا درس دیا ہے،اس طرح کی بے بنیاد افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔