اسٹیبلشمنٹ سے کوئی لڑائی نہیں، ضمنی انتخابات شفاف بنائیں، شیخ رشید

June 29, 2022

لاہور (نمائندہ جنگ)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تمام اداروں سے کہتا ہوں ضمنی انتخابات کو شفاف بنائیں ورنہ لوگ پولنگ اسٹیشن نہیں چھوڑینگے۔اسٹبلشمنٹ سے کوئی لڑائی نہیں ۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرول کی روزانہ بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب آدمی نے پیدل چلنا شروع کر دیا ہے۔لاہور میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہےتو شوق سے کرے، جس سازش کے تحت عمران خان کو اتارا گیا اس کے بعد ترقی پذیر ممالک کی کانفرنس میں پاکستان کو نہیں بلایا گیا،آج کل وفاق میں ایم کیو ایم، بی اے پی،شیر پاؤ دکھائی نہیں دے رہے، یہ مہنگائی پر قابو پانے آئے تھے مہنگائی نے انہیں کنٹرول کر لیا۔ عید کے بعد چاروں حلقوں میں ایک ایک جلسہ کروں گا تمام طاقتو روں سے کہتا ہوں الیکشن ہونے د یں اگر دھاندلی ہوئی تو لوگ نہیں چھوڑ یں گے۔