سوشل میڈیا پر خوفناک مچھلی زیر بحث

June 29, 2022

تصویر/ فیس بک

سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر ایک غیر ملکی ماہی گیر نے ایک خوف ناک مچھلی کی تصویر شیئر کردی۔

جیسن مونس نامی ماہی گیر نے فیس بک پر صارفین سے مدد طلب کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک بلب مچھلی ہے، جسے جنوب مشرقی آسٹریلیا کے 540 میٹر گہرے پانی سے پکڑا ہے۔ شاید یہ اب تک کی دنیا کی بدصورت ترین مچھلی ہے، جو میں نے دیکھی۔ ممکنہ طور پر 4 کلو وزنی یہ مچھلی کھانے میں مزے دار ہو !

تصویر میں دکھائی دینے والی مچھلی گہرے گلابی سرمئی رنگ کی نظر آرہی ہے، جس کی آنکھیں اس کے سر کے اطراف سے نکلی ہوئی ہیں اور اس کے جسم کا بیشتر حصہ اس کے چہرے پر مشتمل ہے۔ اس کے دانت تیز اور نوکیلے ہیں اور اس نے منہ میں مچھلی دبوچی ہوئی ہے۔

جیسن مونس کی شیئر کردہ تصویر پر اب تک درجنوں مزاحیہ تبصرے آچکے ہیں اور اسے سو سے زائد بار شیئر کیا جاچکا ہے اور کچھ صارفین حیرانگی کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس سے قبل انہوں نے اتنی خوف ناک مچھلی کبھی نہیں دیکھی۔

مختلف صارفین نے اپنے علم کے مطابق مچھلی کا نام بوجھنے کی کوشش کی تاہم ایک صارف نے درست اندازہ لگاتے ہوئے لکھا کہ یہ مچھلی ایک اینگلر فش ہوسکتی ہے، لیکن یہ یقینی طور پر اب تک کی سب سے بدصورت اور خوف ناک مچھلی ہے۔

دریں اثنا لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم کے سینئر کیوریٹر جیمز میکلین نے صارف کی تائید کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ بلب مچھلی نہیں ہے بلکہ یہ اینگلر فش ہے، جس کے پاس اپنے شکاری کو پکڑنے کے لیے ایک عجیب مقنطیسی طاقت ہوتی ہے‘‘۔