3 لاکھ 12 ہزار 982 عازمین حج مدینہ پہنچ چکے، سعودی حکام

June 29, 2022

سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعداد وشمار کے مطابق مختلف ممالک سے 3 لاکھ 12 ہزار 982 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

ریاض سے عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج کا کہنا ہے کہ پروازوں کے ذریعے 2 لاکھ 52 ہزار 140 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔

وزارت حج و عمرہ کا مزید کہنا ہے کہ زمینی راہداریوں کے ذریعے 13ہزار 210 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔

مدینہ منورہ پہنچنے والے 12 ہزار 692 عازمین حج کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ وزارت حج نے مزید بتایا کہ افریقی ملک نائجیریا سے9 ہزار 842 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے۔

اسی طرح بھارت سے مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد 7 ہزار 946 اور پاکستان سےاب تک 7 ہزار881 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

ایران سے 6 ہزار 411 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکےہیں۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق 2 لاکھ 21 ہزار 267 عازمین حج مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ میں تاحال 91 ہزار 689 عازمین حج مقیم ہیں۔