زارا نور عباس کا شاہ رخ خان کو خراجِ تحسین

June 30, 2022

زارا نور عباس کا شاہ رخ خان کو خراجِ تحسین، فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے فلم انڈسٹری میں 30 سال مکمل ہونے پر اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

زارا نور عباس نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ وڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رائل ہولوے یونیورسٹی، لندن میں بنائی گئی اپنی کچھ نئی خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں شاہ رخ خان کی مشہور فلم’محبتیں‘ کا ایک ڈائیلاگ لکھا کہ’گورو کل کی ہوائیں بدل رہی ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’آج کے دن شاہ رخ خان کے فلم انڈسٹری میں 30 سال مکمل ہوئے ہیں اور میں آج اس جگہ پر موجود ہوں جہاں ان کی فلم ’محبتیں‘ کے کچھ مناظر کی شوٹنگ کی گئی تھی‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’شاہ رخ خانسے محبت آج بھی اتنی ہی مضبوط ہے‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ’جو کچھ میں نے صرف ٹی وی پر دیکھا تھا اسے آج اپنی آنکھوں سے حقیقت میں دیکھنا ایک بہت اچھا احساس تھا‘۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی مشہور فلم ’محبتیں‘ کی شوٹنگ بھارت اور برطانیہ کے مختلف مقامات پر کی گئی تھی۔