ایلون مسک، ایمبر ہرڈ کی کیس کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے میں مدد کریں گے؟

June 30, 2022

فوٹو، فائل

امریکی اداکارہ ایمبر ہرڈ جوکہ اپنے سابق شوہر، اداکار جانی ڈیپ سے ہتک عزت کا مقدمہ ہار گئی ہیں، اور اب اُنہوں نے کیس میں جیوری کے فیصلےکے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا پر اس دوران یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ایلون مسک اداکارہ کی اس کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ، 1 جون بروز جمعہ ورجینیا کی کورٹ جیوری نے کیس کی مختصر سماعت کے بعد اس ہائی پروفائل سول مقدمے کا حتمی فیصلہ سنا دیا تھا۔

تاہم، سماعت کے دوران ایمبر ہرڈ کی وکیل ایلین بریڈہافٹ نے اپنے مؤکل کے لیے مجوزہ اپیل کے لیے بریفنگ کا شیڈول طے کرنے کی کوشش کی۔

جس پر جج نے ایلین بریڈہافٹ کو دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ اگر وہ سات افراد پر مشتمل جیوری کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنا چاہتی ہیں، تو اُنہیں عدالت میں باقاعدہ درخواست دائر کرنی ہوگی۔

جج نے مزید کہا کہ ایمبر ہرڈ کو باضابطہ طور پر اپیل دائر کرنے کے لیے ہر سال 6 فیصد سود کے ساتھ 8.35 ملین ڈالر کا بانڈ رکھنا ہوگا۔

جس کے جواب میں ایمبر ہرڈ کی وکیل کا کہنا تھا کہ اداکارہ کے پاس جانی ڈیپ کو جرمانہ ادا کرنے یا بانڈ پورا کرنے کے لیے رقم نہیں ہے۔

ایمبر ہرڈ کے پاس بانڈ کے معاملے کو چیلنج کرنے کے ساتھ، اپنے دفاع کے لیے کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے تقریباً 21 دن باقی ہیں۔

اس لیے اب یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ایلون مسک اداکارہ کو بانڈ کی رقم دے کر فیصلے کے خلاف اپیل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایمبر ہرڈ اور ایلون مسک کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان دونوں کے 2016 اور 2018 کے درمیان ایک دوسرے سے کافی قریبی تعلقات تھے۔

تاہم، اس حوالے سے ایک ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ ایلون مسک، ایمبر ہرڈ کی حمایت میں سامنے نہیں آئیں گے کیونکہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں اور بہت مصروف ہیں۔

اس کے علاوہ ایلون مسک ایمبر ہرڈ کے بارے میں اپنی اس نیک خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایمبر ہرڈ اب کسی اور مقدمے میں شامل ہونے کے بجائے اپنی زندگی میں آگے بڑھیں۔