ایم پی اے کے بیٹے اور خاتون پریزائڈنگ افسر کی تلخ کلامی، انکوائری شروع

July 01, 2022

میرپورخاص (رپورٹ: محمد خالد) بلدیاتی انتخابات کے روز پولنگ اسٹیشن پر ایم پی اے کے بیٹے اور خاتون پریزائڈنگ افسر کی تلخ کلامی کے معاملے پر ڈی آر او میرپورخاص نے انکوائری شروع کردی۔ ڈی آر او میرپورخاص کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی نے معاملے کی باقاعدہ انکوائری شروع کردی ہے۔ ایم پی اے کے بیٹے کرن ہری رام اور خاتون پریذائڈنگ افسر صائمہ لغاری نے جمعرات کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیانات قلمبند کرادئیے۔ الیکشن کمیشن زرائع کے مطابق کرن ہری رام کا اپنے بیان میں کہناہے کہ معاملہ غلط فہمی کے باعث پیش آیا، جس کی معافی مانگ لی تھی۔جبکہ خاتون پریزائڈنگ افسرصائمہ لغاری کے بیان کے مطابق کرن ہری رام نے ساتھیوں سمیت پولنگ اسٹیشن پہنچ کر انہیں دھمکایا لیکن ان سے معافی مانگ لی گئی ہے۔ خاتون پریزائڈنگ افسر کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹ کرنے پر میڈیا کی شکر گزار ہیں۔ واقعہ نور شاہ کالونی کے پولنگ اسٹیشن پر سامنے آیا تھا۔ معاملے کی وڈیو وائرل ہونے پر ڈی آر او نے نوٹس لے کر معاملہ صوبائی الیکشن کمیشن میں بھی بھیج دیا تھا۔ اب اس معاملے کی ڈی آر او میرپورخاص کے علاوہ صوبائی الیکشن کمیشن بھی انکوائری کررہا ہے۔