دبئی: سالگرہ کے دن 8 سالہ بچے کی ساحل سمندر کی صفائی

July 02, 2022

تصویر بشکریہ خلیج ٹائمز

دبئی میں 8 سالہ بچے ایان میندن نے اپنی سالگرہ کے دن ساحل سمندر کی صفائی کی۔

اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق ایان چاہتے تھے کہ سالگرہ کے جشن کی شروعات کسی بڑے کام سے ہونی چاہیے۔

ایان میں ساحل سمندر کی صفائی کا جذبہ اس وقت پیدا ہوا جب وہ دبئی ایکسپو 2020 میں گئے اور انہیں معلوم ہوا کہ ساحل پر پھینکے گئے کچرے سے کچھوے مر رہے ہیں۔

ایان کے والد صبور احمد نے بتایا کہ کیونکہ اسکول میں ان کے بیٹے کو سب ’’کچھوا‘‘ کہتے ہیں اس لیے بھی ایان نے ایکسپو نمائش میں جو سیکھا اس میں ایک وابستگی محسوس کی۔

کم عمر ایان کے والدین نے ان کے خیال کو سراہا اور ’’لا میر ساحل‘‘ پر صبح 6 بجے بچے کے ہمراہ صفائی شروع کی۔

ساحل اتنا گندا تھا کہ صبح 7 بجے تک ایان نے پلاسٹک کی بوتلوں، ریپرز، تھیلیوں اور دیگر کوڑے پر مشتمل 6 کلو وزنی کچرا جمع کیا۔

ایان میندن کا ارادہ تھا کہ وہ اپنی گرمی کی تعطیلات کے دوران ہر ہفتے ساحل کی صفائی کریں گے۔