میکسیکو کے میئر نے مادہ مگر مچھ سے شادی کرلی

July 03, 2022

میکسیکو کے میئر نے ایک پُروقار تقریب میں دلہن کے لباس میں ملبوس مادہ مگرمچھ سے شادی کرلی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے قصبے سین پیڈرو ہومیلولو کے میئر وِکٹر ہوگو سوسا نے ایک پُرانی رسم کے تحت 7 سالہ مادہ مگرمچھ سے علامتی شادی کی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مگرمچھ سے شادی کی رسم کیا ہے؟

یہ صدیوں پُرانی ایک ہسپانوی رسم ہے، اس رسم میں شادی شدہ اور غیر شادی شدہ افراد ایسی شادیاں کرتے ہیں تاکہ اُنہیں قدرت کی طرف سے بے شمار نعمتیں حاصل ہوں۔

میکسیکو کے میئر وِکٹر ہوگو سوسا کے مادہ مگرمچھ سے شادی کرنے کا مقصد دولت، عزت اور رتبے میں اضافہ حاصل کرنا ہے۔

اس رسم میں مادہ مگرمچھ کو سفید عروسی لباس کے علاوہ دیگر رنگین ملبوسات پہنانا بھی شامل ہے جبکہ اس علاقے میں مگرمچھ کو دیوتا سمجھا جاتا ہے۔

دوسری جانب میئر وِکٹر ہوگو سوسا کی مادہ مگرمچھ دُلہن کو ’ننھی شہزادی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس موقع پر میئر وِکٹر ہوگو سوسا نے کہا کہ ہم اس شادی کے بعد قدرت سے بارشوں اور دریاؤں میں مچھلیوں کی کثیر تعداد کی طلب کرتے ہیں۔

میکسیکو کے میئر اور مادہ مگر مچھ کی تصاویر پر نظر:

میکسیکو کے میئر کی دلہن مگرمچھ کو میز پر رکھا گیا ہے—بشکریہ غیر ملکی میڈیا
میکسیکو کے میئر اپنی دلہن مگرمچھ کو رشتے دار خاتون کی مدد سے اٹھا کر لا رہے ہیں—بشکریہ غیر ملکی میڈیا
میکسیکو کے میئر کی دلہن مگرمچھ عروسی لباس میں—بشکریہ غیر ملکی میڈیا