اتحاد ایئر ویز کی ماسکو کیلئے پرواز کی ابوظہبی میں ہنگامی لینڈنگ

July 04, 2022

فائل فوٹو

اتحاد ایئر ویز کی ابوظہبی سے ماسکو کے لیے روانہ ہونے والی پرواز نے روانگی کے ڈیڑھ گھنٹہ بعد اپنے ہیڈکوارٹر ابوظہبی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ای وائی 65 پیر کی صبح مقررہ وقت سے 35 منٹ تاخیر سے مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 10 منٹ پر روس کے دارالحکومت ماسکو کے لیے روانہ ہوئی۔

روانگی کے 50 منٹ بعد طیارہ ایران کی فضائی حدود میں تھا کہ اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے ابوظہبی کی جانب واپسی کا راستہ لیا۔

بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارہ دبئی کے قریب تھا کہ ریڈار کو صبح 5 بج کر 18 منٹ پر طیارے میں ہنگامی صورتِ حال کے سگنل موصول ہوئے جس پر طیارے کو ممکنہ طور پر فیول ضائع کرنے کے لیے فضا میں ہولڈ کر لیا گیا۔

بعد ازاں پرواز نے اڑان کے 1 گھنٹہ 45 منٹ بعد واپس ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر باحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔