روس: یوکرین میں طویل جنگ کی راہ ہموار کرنے کیلئے قانون میں ترمیم

July 04, 2022

روس کی پارلیمنٹ کا بیرونی منظر

کریملن نے یوکرین میں طویل جنگ کی راہ ہموار کرنے کے لیے وفاقی قانون میں ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کردی، جس کے تحت تمام کاروبار، فیکٹریاں، کارخانے براہ راست سرکاری احکامات کے پابند ہوجائیں گے۔

30 جون کو روس کی پارلیمنٹ ’ڈوما‘ میں روسی مسلح افواج کو سپلائی پہنچانے کے حوالے سے موجودہ وفاقی قوانین میں ترمیم پیش کی گئی۔

غیرملکی تحقیقی ادارے ’انسٹیٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پیش کردہ ترمیم میں روس کے تمام کاروبار فوج کو عسکری آپریشنز کے لیے سامان کی فراہمی کے پابند ہوں گے۔

ترمیم کے بعد روس کے کارخانے سرکاری احکامات سے روگردانی نہیں کرسکیں گے، انہیں خصوصی عسکری آپریشنز کے لیے ساز و سامان فراہم کرنا ہوگا۔

کریملن کو اجازت ہوگی کہ وہ کسی بھی کارخانے، فیکٹری یا دوسرے کاروبار میں موجود ملازمین کے کنٹریکٹ اور کام کے اوقات کار کو تبدیل کرسکے۔

کریملن ملازمین کو رات میں بھی کام کے لیے بلاسکتا ہے اور سرکاری چھٹیاں بھی منسوخ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ترمیم میں کریملن کی طرف سے وضاحت کی گئی کہ یوکرین میں جاری خصوصی عسکری آپریشن کی وجہ سے مختلف اشیا کی سپلائی کم ہوگئی ہے، خاص طور پر عسکری ساز و سامان کی مرمت کرنے والے میٹریل کی۔