بھارتی وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے قریب غبارے چھوڑنے پر 4 افراد گرفتار

July 04, 2022

فائل فوٹو

بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں وزیراعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کے قریب 4 سیاہ غبارے اڑنے کے معاملے پر کانگریس پارٹی کے 4 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق وجایاوادا نامی شہر کے ایئرپورٹ سے مودی کے ہیلی کاپٹر نے اڑان بھری تو کانگریس کے کارکنوں نے سیاہ رنگ کے غبارے فضا میں چھوڑ دیے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق زیر حراست ملزمان نے وزیراعظم مودی کے خلاف احتجاج کے طور پر سیاہ غبارے ہوا میں چھوڑے جو ان کے ہیلی کاپٹر کے بہت قریب اُڑ رہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب وزیراعظم مودی کے ہیلی کاپٹر نے اڑان بھری تو کانگریسی رہنما ایئرپورٹ پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔

انگریزوں کے خلاف لڑنے والے الّوری سیتاراما راجو کی 125ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں نریندر مودی آندھرا پردیش آئے تھے۔

انہوں نے تقریب کا آغاز سیتاراما کے 30 فٹ بلند مجسمے کی رونمائی سے کیا۔

اس موقع پر ریاست کے گورنر اور وزیراعلیٰ، مرکزی وزیر سیاحت اور ثقافت بھی موجود تھے۔