ایمان ویلانی قدرتی طور پر ہی ایک ہنر مند اداکارہ ہیں، فرحان اختر

July 05, 2022

ممبئی (این این آئی) بھارتی ہدایتکار و اداکار فرحان اختر نے پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز مس مارول میں مرکزی کردار ادا کرنیوالی پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی کی ناقابلِ یقین اداکاری کی تعریف کی ہے۔ فرحان اختر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سیریز مس مارول میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے مارول اسٹوڈیوز کے پہلے ہی مسلم سپر ہیرو شو کا حصہ بننے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ پہلی مسلم سپر ہیرو کمالہ خان کو مداحوں کی جانب سے بہت محبت مل رہی ہے، یہ سیریز اس طرح کے مزید شوز بنانے کے لیے دروازے کھولے گی۔انہوں نے بتایا کہ جب تک میں سیٹ پر آیا تو میرے کردار ولید کیلئے پہلے ہی پوری بیک اسٹوری بن چکی تھی، انہوں نے مجھے اس کردار کو مزید تفصیلات کے ساتھ سمجھنے میں مدد کی ۔فرحان اختر نے ایمان ویلانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرا کمالہ خان کیلئے وہاں موجود ہونا واقعی بہت اہم تھا اور اسی لئے بطور ایک اداکار میرے لئے ایمان ویلانی کی وہاں موجودگی اہم تھی اور انہوں نے اس شو میں ناقابلِ یقین اداکاری کی ہے، ایمان ویلانی قدرتی طور پر ہی ایک ہنر مند اداکارہ ہیں۔ فرحان اختر نے اپنے کردار کے بارے میں کہا ہے کہ ولید کو کمالہ کے علم کے علاوہ سامعین کو یہ احساس دلانے پر بھی توجہ مرکوز کرنی تھی کہ ولید کو صرف ایک چوڑی سے ہی نہیں بلکہ کمالہ سے بھی محبت ہے اور وہ یہ بات جانتا ہے کہ کمالہ میں کوئی خاص بات ضرور ہے۔