بابر غوری 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

July 05, 2022

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالےکردیا۔

بابر غوری کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں منتظم جج نے سابق وفاقی وزیر کا ریمانڈ منظور کیا۔

بابر غوری پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے، ملزم کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

اس سے قبل بابر غوری کو انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں باقاعدہ طور پر گرفتار کیا گیا اور انہیں ریمانڈ کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا۔

پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بابر غوری کو ریاست کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

بابر غوری کے خلاف ایف آئی آر نمبر 354 سال 2015 میں ان کی جلاوطنی کے دنوں میں درج کی گئی تھی۔

مقدمہ زیر دفعہ 120 اے بی/ 121/122/505/123 ریڈ ودھ ٹیلیگراف ایکٹ اور 6/7 ATA درج ہے۔

ایف آئی آر میں قائدِ ایم کیو ایم، فاروق ستار، بابر غوری سمیت ایم کیو ایم کے 29 رہنما نامزد تھے۔

واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو گزشتہ روز وطن واپسی پر کراچی ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

بابر غوری 7 سال سے منی لانڈرنگ، زمینوں پر قبضے اور کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں سمیت کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔