کمسن طالبہ کے اغواء، زیادتی اور قتل کا ملزم گرفتار

July 05, 2022

بورے والا میں 12 سالہ لڑکی کے اغواء، مبینہ زیادتی اور قتل میں ملوث 17 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈی پی او وہاڑی رانا شاہد پرویز نے سب ڈویژنل پولیس آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 13 جون 2022 کو بورےوالا کے محلہ اقبال نگر کی گلی نمبر 7 کے رہائشی نذیر احمد کی پانچویں جماعت میں زیر تعلیم 12 سالہ بیٹی اچانک لاپتہ ہوگئی تھی۔

اس کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا، تاہم اغواء کے 8 روز بعد لڑکی کی نعش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے مجرموں کی گرفتاری کے لیے 6 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔

پولیس ٹیموں نے علاقے میں 185 گھرانوں اور 500 سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور ان کے انٹرویو کیے۔

تاہم گزشتہ شب پولیس نے اس واقعہ میں ملوث 17 سالہ وسیم نامی ملزم کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا، ملزم نے سیشن کورٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق ملزم اور اس کے سوتیلے بھائی نے مل کر لڑکی کو اغواء اور مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا، دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔

ڈی پی او وہاڑی نے بتایا کہ لڑکی کی نعش کی حالت انتہائی خراب تھی تاہم ہم نے اس کے جسمانی اعضاء کے نمونے اکٹھے کر کے فارنزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں، جن کے نتائج کو بھی حتمی چالان میں بروئےکار لایا جائے گا۔

ملزم کے اعترافی بیان کے بعد لڑکی کے اغواء، مبینہ زیادتی، قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ کا چالان بنا کر جلد فیصلے کے لیے خصوصی عدالت میں بجھوایا جائے گا۔

دریں اثناء آر پی او ملتان راجہ رفعت مختار، کمشنر ملتان عامر خٹک، ایم این اے چوہدری فقیر احمد آرائیں، ڈی سی وہاڑی میاں رفیق احسن، ڈی پی او وہاڑی رانا شاہد پرویز، ڈی ایس پی بورے والا اظہر خان، اے سی بورے والا عبدالباسط صدیقی، سردار شاہد جاوید ڈوگر، سابق وائس چیئرمین بلدیہ افتخار احمد بھٹی اور چوہدری اُسامہ احمد آرائیں نے مقتولہ کے گھر جاکر غمزدہ والدین کو قاتل کی گرفتاری کے بارے آگاہ کیا اور مقتولہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر اہل علاقہ نے پولیس، انتظامیہ اور معززین کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔