اینٹی کرپشن نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری ظاہر کر دی

July 06, 2022

فائل فوٹو

اینٹی کرپشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو سندھ اینٹی کرپشن جامشورو نے پنجاب پولیس کی مدد سے لاہور سے گرفتار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ پر تھانہ بولا خان کی 62 ایکڑ زمین کے جعلسازی سے کاغذات بنانے کا مقدمہ درج ہے، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جامشورو نے معاملے کی انکوائری کے بعد ایف آئی آر درج کی تھی۔

اینٹی کرپشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حلیم عادل شیخ کی جانب سے زمین کے جھوٹے کاغذات پر بینک سے قرض لیا گیا، سرکاری زمین کے ریکارڈ میں ہیرا پھیری سے حلیم عادل شیخ نے زمین ایک شخص کے نام کرائی، انہوں نے وہی زمین پھر اس شخص سے اپنے نام کرائی۔

اینٹی کرپشن کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ آف ریونیو اس زمین کے کھاتے منسوخ کرچکا ہے، حلیم عادل کا راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں سندھ منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حلیم عادل شیخ کو گزشتہ رات لاہور کے نجی ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا۔