موسیقار میکال حسن کے اسٹوڈیو میں آگ لگ گئی

July 06, 2022

موسیقار میکال حسن کا مشہور اسٹوڈیو میں آگ لگ گئی، فوٹو فیس بک

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف موسیقار میکال حسن کے لاہور میں واقع مشہور اسٹوڈیو میں آگ لگ گئی۔

میکال حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’آگ الیکٹرانک خرابی کی وجہ سے لگی جس سےاسٹوڈیو صرف چند منٹوں میں ہی جل کر راکھ ہو گیا‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ’آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا، اگرچہ فائر بریگیڈ صرف 10 منٹ کے اندر جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی‘۔

میکال حسن نے مزید بتایا کہ ’لیکن 10 منٹ میں بھی دیر ہو چکی تھی، میں اپنی ٹیم کے ساتھ اسٹوڈیو سے جان بچانے کے لیے باہر بھاگا‘۔

میکال حسن نے بتایا کہ ’اسٹوڈیو میں آگ لگنے سے تقریباً 100 سے 200 ملین روپے کا نقصان ہوا ہے‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’یہ ایک حادثہ ہے لیکن اب ہم ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے‘۔

موسیقار نے میوزک انڈسٹری کے ان تمام بڑے ناموں سے اپیل کی ہے کہ اس اسٹوڈیو کو دوبارہ بنانے میں ان کی مدد کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے جتنے بھی فنکاروں کے ساتھ اس اسٹوڈیو میں ریکارڈنگ کی ہے، جن میں عاطف اسلم سے لے کر راحت فتح علی خان تک، نوری سے جل تک، زلفی سے لے کر فواد خان تک، میں نے ان سے سب سےکہا ہے کہ وہ اپنے عطیات بھیج کر اس اسٹوڈیو کی تعمیرِ نو میں میری مدد کریں‘۔

میکال نے اس حادثے پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آپ جانتے ہیں کہ یہ صرف ایک اسٹوڈیو نہیں تھا، یہ موسیقاروں کے لیے خوشی کی جگہ تھی، یہ ایک ایسی جگہ ہے جس نے ملک کے سب سے بڑے گلوکاروں، موسیقاروں اور استادوں کو لانچ کیا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ یہ سب اس کام کو سراہیں گے‘۔

خیال رہے کہ 1995ء میںمیکال حسن کی جانب سے قائم کیے گئے اس ڈیجیٹل فیڈیلیٹی اسٹوڈیو نے ملک میں 90ء کی دہائی میں موسیقی کی سہولت فراہم کی اور پاکستانی میوزک انڈسٹری کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا۔