معروف پاکستانی اداکارہ سونیا حسین کو پاکستان کی فن و ثقافت کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرنے پر روس میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز فن، ثقافت اور عوامی رابطوں کے ذریعے ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کی کوششوں کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔
سونیا حسین نے اس یادگار لمحے کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے تصویر پوسٹ کی اور اس اعزاز پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کا آغاز شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے اشعار سے کیا، جو قومی فخر اور حوصلے کی عکاسی کرتے ہیں۔
اپنے پیغام میں سونیا حسین نے لکھا کہ مجھے روس میں اپنے ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جس پر میں بے حد شکر گزار ہوں، میں روس میں اس باوقار اعزاز کے لیے پاکستانی سفارت خانے اور حکومتِ پاکستان کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
سونیا حسین نے ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات باہمی احترام، مکالمے اور ثقافتی تبادلوں پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات ہمیشہ احترام اور تعاون پر قائم رہے ہیں، روس امن، ہم آہنگی اور باہمی سمجھ بوجھ کا مضبوط حامی رہا ہے اور یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ فن، ثقافت اور عوامی روابط کس طرح دونوں ممالک کو مزید قریب لا رہے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ایسے لمحات دوستی، اتحاد اور مشترکہ اقدار کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہیں اور مجھے فخر ہے کہ میں اس سفر کا حصہ بنی جو ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دیتا ہے۔